لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی کی مقبولیت اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے تئیں عوام کے اعتماد سے مخالف جماعتوں کو شدید پریشانی ہے۔ ریاستی حکومت کی عوام کے مفاد کی اسکیموں سے سماج کے تمام طبقوں کا مستفید ہونا بھی مخالف پارٹیوں کو ہضم نہیں ہو رہا ہے اس لئے پارلیمانی انتخابات کے وقت حکومت اور وزیر اعلیٰ کی شبیہ خراب کرنے کی منظم سازشوں کو انجام دیا جا رہاہے لیکن اپنی سازشوں سے عوام کو گمراہ کرنے میںانہیں کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ایک سلجھے ہوئے اور حساس لیڈ ہیں ان کے جمہوری اور انکسارانہ رویہ کے مخالفین بھی قائم ہیں، اس کے باوجود ایک غیر مطمئن اورمخالف پارٹیوں میں شامل لیڈر کا وزیر اعلیٰ دفتر کے سلسلہ میں بیان بے بنیاد اور بکواس ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سے روزانہ سیکڑوں لوگ ملاقات کرتے ہیں صبح شام
اور کبھی کبھی تو رات میں بھی وہ لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں اور کسی بھی شخص کووہ مایوس نہیں کرتے ہیں اور ا ن کے سلسلہ میں کوئی غلط بات ایک ایسا ہی شخص کرسکتا ہے جس کا ذہنی توازن صحیح نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک بندیل کھنڈ کی ترقی کا سوال ہے سماج وادی پارٹی کی حکومت نے اس سلسلہ میں کئی اسکیموں کو عملی جامہ پہنایاہے۔بندیل کھنڈ پیکیج کے تحت ۲۵۶۰بکری اکائیوں کو قائم کیا گیا ہے۔ مذکورہ اسکیم کے تحت کام تیز ی سے چل رہا ہے اور یہ کہنا غلط ہوگا کہ بکری اکائیوں کو قائم کرنے کے کام میں سستی کی جارہی ہے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ سابقہ بی ایس پی حکومت سے وراثت میں غیر پیداواری مدوں میں اخراجات سے خالی خزانہ اور بدعنوان انتظامی حکومت ورثہ میں ملی تھی۔ محدودوسائل اور مخالف حالات کے باوجود وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ریاست کو ترقی کا ایجنڈا دے کر نئی رفتار دی ہے جس کی وجہ سے مخالفین مایوس ہیں۔ اسی لئے وہ عوام کو گمراہ کرنے والے غلط بیان دے رہے ہیں۔