لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے غلط محکمہ جاتی اعداد و شمار فراہم کرانے اور مالی بے ضابطگیوں کے سلسلہ میں آبکاری محکمہ کے تین افسران کو فوری اثر سے معطل کر کے ان کے خلاف محکمہ جاتی جانچ کے احکامات دیئے۔ مذکورہ افسران نے ضلع آبکاری افسر کانپور شہر ونود کمار ، ضلع آبکاری افسر آگرہ ایس پی سنگھ اور آبکاری انسپکٹر کانپور شہر سیکٹر تین مبارک علی شامل ہیں۔ مذکورہ اطلاع دیتے ہوئے حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت پر تعینات ضلع آبکاری افسر؍اسسٹنٹ آبکاری کمشنر ضلع کانپور شہر ونود کمار و اس وقت پر تعینات آبکاری انسپکٹر کانپور شہر سیکٹر تین، اسسٹنٹ آبکاری کمشنر ٹاسک فورس صدر دفتر مبارک علی کو اصل اعداد و شمار ۳۳ فیصد زائد اعداد و شمار فراہم کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح اسسٹنٹ آبکاری کمشنر ایس ایس ایف گونڈہ کو بھی غلط اعداد و شمار مہیا کرانے کے الزام میںمعطل کر دیا گیا۔ پہلی نظر میں دیکھا گیا کہ مذکورہ افسران کے ذریعہ ۱۴-۲۰۱۱ء میں غیر ملکی شراب اور بیئر کے استعمال کے غلط اعداد و شمار پیش کر کے غلط مالی بے ضابطگیاں کی گئیں۔ مذکورہ افسران کومعطل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ جاتی جانچ کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔