جونپور،18فروری (یو این آئی)اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو جونپور میں 22فروری کوکتائی مل کے احاطہ میں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ریاستی وزیر برائے فوڈ پروسیسنگ پارس ناتھ یادو نے بتایا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں یہاں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا تھا۔اس مقصد کے لئے اسی وقت ایک کروڑ کی رقم مختص کردی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت طویل عرصہ سے زمین تلاش کررہی تھی۔اس نے اب صدیق پورکی بند کتائی مل کے احاطہ میں ہی میڈیکل کالج کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔مسٹر یادو نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ہی جونپور میں نرسنگ ٹریننگ کالج کھولنے کا بھی اعلان کیا گیاہے۔ اس کے لئے بھی شہر میں زمین کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اراضی دستیاب ہوتے ہی نرسنگ ٹریننگ کالج کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی یہاں کلی چابدا کے نزدیک دریائے گومتی پر ایک پل بھی تعمیر کیا جائے گاجس کے بعد شہر میں ٹریفک جام سے نجات مل جائے گی۔مسٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنا انتخابی وعدہ پورا کررہی ہے۔اب سارازور اس بات پر ہوگا کہ ریاست کی سڑکیں درست ہوں۔انہوں نے اس بات کی پیشین گوئی بھی کردی کہ ملک میں تیسر ے مورچہ کی حکومت بنے گی او را س میں سماج وادی پارٹی کا اہم رول ہوگا۔