پٹنہ ،06 فروری (یو این آئی) بہار میں وزیر اعلی کے عہدے کے سلسلے میں جنتا دل یونائٹیڈ( جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلی نتیش کمار اور وزیر اعلی جتن رام مانجھی کے درمیان جاری شہ اور مات کے کھیل کے درمیان آج مسٹر مانجھی نے 20 فروری کو پارٹی اراکین کی میٹنگ بلائی ہے ۔مسٹر مانجھی نے پارٹی کے قومی صدر شرد یادو کی طرف سے سات فروری کوقانون ساز جماعت کے بلائے گئے اجلاس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 20 فروری کو اپنی سرکاری رہائش گاہ ایک انے مارگ پر میٹنگ بلائی ہے ۔
مسٹر مانجھی نے کہا کہ وہ قانون ساز منڈل جماعت کے لیڈر اور انہیں ہی اجلاس بلانے کا حق ہے ۔ سات فروری کو جو اجلاس بلایا گیا وہ غیر مجاز ہے اور اس میں وہ نہیں جائیں گے ۔ادھر جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے خبردار کیا ہے کہ سات فروری کو پارٹی کے قومی صدر جناب یادو نے پارٹی اراکین کی میٹنگ بلائی ہے اور اس اجلاس کے جواز پر سوال کھڑا کرنا غیر قانونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے فیصلے پر جو سوال اٹھا رہے ہیں وہ ڈسپلن کو تباہ کر رہے ہیں۔ یہ کارروائی کی بنیاد بنتا ہے ۔دریں اثنا آج صبح وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر ان سے ملنے وزیر ورشن پٹیل ، رنجیت مشرا،سمراٹ چودھری،ایم ایل اے انل کمار سمیت کئی دیگر لیڈروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔