پٹنہ : بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر نتیش کمار چھٹھ پوجا کے بعد 20 نومبر کو گاندھی میدان میں دوبارہ وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لے سکتے ہیں۔
جے ڈی یو کے ریاستی صدر اور ممبر پارلیمنٹ وششٹھ نارائن سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ اسمبلی انتخابات میں مھاگٹھبدھن کو زبردست کامیابی ملی ہے اور جلد ہی حکومت تشکیل کے عمل شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی اور چھٹھ پوجا کے بعد ہی حلف برداری کی تقریب پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد کئے جانے کا امکان ہے ۔
مسٹر سنگھ نے تاہم واضح تاریخ بتانے سے گریز کیا، لیکن ایسا امکان ہے کہ 20 نومبر کو مسٹر کمار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لے سکتے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مھاگٹھبدھن کی جیت کے بعد کئی اہم رہنماؤں نے مسٹر کمار کو فون کر مبارک باد دی تھی، جن میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی کی دیوگوڑا، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی اوم پرکاش چوٹالہ اور سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو شامل ہیں۔
جے ڈی یو کے ریاستی صدر نے کہا کہ پارٹی کی کوشش ہے کہ جن اہم لیڈروں نے مسٹر کمار اور مھاگٹھبندھن کے اتحادی پارٹی کے لیڈروں کو جیت پر مبارک باد دی ہے ، انہیں حلف برداری کی تقریب میں ضرور بلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے قیام کے فارمولے پر ابھی کوئی فیصلہ کیاگیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے کتنے ممبران اسمبلی پر ایک وزیر کے عہدے دینے کی تجویز ہے ، اس انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
غور طلب ہے کہ اسمبلی کے انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل کو 80، جد یو کو 71 اور کانگریس کو 27 سیٹیں ملی ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل اور جے ڈی یو نے 101-101 اور کانگریس نے 41 سیٹوں پر انتخاب لڑا تھا۔