اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف روسی وزیر خارجہ سے مذاکرات کے لئے ماسکو روانہ ہو گئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پیر کے دن ماسکو روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ اپنے دورہ روس کے موقع پر اس ملک کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات اور دو طرفہ تعلقات میں توسیع نیز دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام جیسے امور میں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا نے کہا ہے کہ سرگئی لاوروف پیر کے دن محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات اور بحران شام سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ تہران اور ماسکو نے حالیہ برسوں کے دوران مشترکہ مفادات، یکساں پالیسی اور مواقف کی بنا پر خطے خصوصا شام کے بحران کے سلسلے میں باہمی تعاون کیا اور مشترکہ اقدامات انجام دیئے۔ کہا جا رہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بارے میں مشاورت، اس معاہدے کے بارے میں دونوں ممالک کا باہمی تعاون اور علاقائی ممالک میں قیام امن کی کوشش اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے دورہ روس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔