گورکھپور (نامہ نگار)مرکزی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے ذریعہ بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف غلط استعمال کرنے پر بی جے پی کارکنان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ بی جے پی نوجوان یونین کے کارکنان نے کچہری چوراہہ پر سلمان خورشید کے خلاف نعرے لگائے اور ان کے پتلے کو نذر آتش کیا۔ پارٹی کے شہر صدر رنجیت رائے نے کہا کہ سلمان خورشید کا بیان جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خورشید کا ذہنی توازن صحیح نہیں ہے۔ ان کا بیان کانگریس پارٹی کے لیڈران کے لئے صحیح ہے۔ بی جے پی
کے ضلع جنرل سکریٹری اودھیش اگرہری اور پون یادو نے مشترکہ طور پر کہا کہ کانگریس انتخابات سے قبل ہی شکست تسلیم کرچکی ہے یہی وجہ کہ کانگریس پارٹی کے لیڈران اس طرح کے شرمناک بیان دے رہے ہیں۔ نیرج چودھری و درگیش بجاج نے کہا کہ نریندر مودی کی بے عزتی ملک کے عوام برداشت نہیں کریں گے اور آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کو اس کا جواب دیں گے۔ اس موقع پر نیرج چودھری ، پون یادو، وشال سنگھ، آنند مشرا،رتیش سنگھ موجود تھے۔