لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر صحت احمد حسن نے جمعرات کو بی کے ٹی کے ساڑھا مئومیں تعمیر ہو رہے ۱۰۰ بستروں کے اسپتال کا معائنہ کیا۔ تعمیراتی کام کی سست رفتاری پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اسے مزید تیز کرنے کاحکم دیا اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹھاکر گنج کے ٹی بی اسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں ایک ڈیجیٹل ایکسرے مشین لگانے کی ہدایت دی۔
وزیر صحت جمعرات کو ٹی بی اسپتال پہنچے اور نئی عمارت کا جائزہ لیا۔ چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیش اوستھی نے انہیں بتایا کہ اسپتال میں لگنے کیلئے کلر ڈاپلر ، الٹرا ساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے سمیت دیگر ضروری مشینیں و آلات وغیرہ آچکے ہیں اور انہیں لگنا باقی ہے۔ معائنہ کرتے ہوئے وزیر صحت نے سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو کو ہدایت دی کہ وہ اپنی نگرانی میں مشینوں وغیرہ کو لگوائیں۔ مسٹر حسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آئندہ ۱۴؍مئی کو عمارت کا رسمی افتتاح کر سکتے ہیں اس لئے اس سے قبل ہی سبھی کام مکمل کرا لئے جائیں۔ ڈاکٹر اوستھی نے بتایا کہ موجودہ وقت میں اسپتال میں پانچ سو مریضوں کی او پی ڈی چل رہی ہے اور نئی عمارت شروع ہونے پر او پی ڈی وہاں منتقل کر دی جائے گی جس کے بعد مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتاہے۔اس سلسلہ میںوزیر صحت نے ساڑھا مئو میں تعمیر ہو رہے اسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ وہاں بھی کام جاری ہے اور بستر وغیرہ لگائے جا رہے ہیں لیکن ابھی کئی دیگر کام ہونا باقی ہیں اس پر مسٹر حسن نے کام پر بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کام میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ آئندہ ماہ وزیر اعلیٰ اس کا افتتاح کر سکیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ آئندہ دس مئی کو اسپتال کا افتتاح ہو سکتا ہے۔