لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا اتوارکو راجدھانی آئیںگے۔ ریلوے وزیر مملکت راجدھانی دورہ کے دوران صبح سے شام تک اسٹیشنوں کے معائنہ کے علاوہ افسران کے ساتھ جلسے کریں گے۔ وزیر مملکت برائے ریل کی آمد پر انہیں انتظام چاق وچوبند دکھے اس بات کیلئے محکمہ کے افسران اور ملازمین تیاریوں میں مصروف ہیں۔ وزیر کے معائنہ والے مقامات کو درست کرنے کیلئے سنیچر کو پورا ریلوے پورے دن مصروف رہا۔ تمام اسٹیشنوں پر صفائی کے علاوہ دیگر خامیوں کو بھی ٹھیک کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے ریل منوج سنہا اتوار کی صبح ۷ بجے چارباغ ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے جس کے بعد طے شدہ پروگرام کے مطابق وہ چارباغ، لکھنؤ جنکشن اور گومتی نگر اسٹیشن کا معائنہ کریں گے
۔وہ مسافروں کی سہولیات کیلئے لازمی انتظامات کا بھی معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے ریل شمال مشرقی ریلوے کے ڈی آر ایم اور دیگر افسران کے ساتھ جائزہ جلسہ بھی کریں گے۔ وزیر کے معائنہ سے قبل سنیچر کو چارباغ سمیت دیگر اسٹیشنوں پر صفائی کرائی گئی۔ افسران کے مطابق وزیر مملکت برائے ریل کو اپنے دورہ کے دوران کوئی خامی نہ ملے تاکہ وہ لکھنؤکے اسٹیشنوں اور ملازمین کی ستائش کریں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ وزیر لکھنؤ سے کاٹھ گودام ایکسپریس ٹرین چلائے جانے کے بارے میں خصوصیت سے تذکرہ کریں گے۔