ممبئی ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وسیم جعفر نے شکھر دھون اور روہت شرما پر مشتمل اوپنرس جوڑی کے حالیہ مظاہروں پر مایوسی کا اظہار کیا لیکن کہا کہ اس جوڑی کو موقع دیا جانا چاہئے۔ یہاں ایک ٹورنمنٹ کے اشتہاری پروگرام میں شرکت کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے وسیم جعفر نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز سے قبل روہت اور دھون نے ٹیم کو جس طرح کی شروعات فراہم کی ہے اس کے بعد کسی نے بھی مختلف طرز کی کرکٹ کیلئے مختلف اوپنرس کی تجویز نہیں سوچی تھی۔ چند ایک مقابلوں میں ناکام ہونے سے کوئی کھلاڑی برا یا چند ایک مقابلوں میں کامیاب ہوجانے سے کھلاڑی باصلاحیت نہیں ہوتا، لہٰذا موجودہ جوڑی کو موقع دیا جانا چاہئے۔