کراچی ۔ایشیا کپ فائنل میں شکست کے باوجود اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ شاہد آفریدی زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ خلاف توقع ایئرپورٹ پر سیکڑوں شائقین موجود تھے جو اپنی محبتیں نچھاور کرتے ہوئے ہیرو شاہد آفریدی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ شاہد آفریدی واحد کھلاڑی تھے جو ہجوم کے باوج
ود میڈیا کے سامنے آئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو آفیشلز نے عقبی دروازے سے باہر نکال دیا۔ شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف آخری اوور میں دو چھکے مارنے کی کوئی پلاننگ نہیں کی تھی۔ اپنے اسٹائل کے مطابق بیٹنگ کی اور اللہ نے سر خرو کیا۔ یقین تھا کہ پاکستان کو فتح دلادوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی اگر پاکستان ایشیا کپ جیت جاتا اور ہم آج ٹرافی کے ساتھ وطن واپس آتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ اللہ تعالی کا شکر گذار ہوں کہ اس نے مجھے ایک بار پھر عزت دی اور میری کوشش ملک کے کام آئی۔ اپنی فٹنس کے بارے میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں فٹ ہوں اور ایک ہفتے آرام کا موقع ملے گا امید ہے کہ مکمل فٹ ہوجائوں گا۔ بنگلہ دیش کے تماشائیوں نے ہمیں بھر پور سپورٹ کیا۔ پاکستان کی ٹیم بہت اچھی ہے ،ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہماری کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے ایئرپورٹ پر استقبال کرنے پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیم اتوار کو ڈھاکا سے کراچی پہنچ گئی۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ وننگ کارکردگی دکھانے والے شاہد آفریدی کراچی کے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر تمام تر توجہ کا مرکز تھے۔ فائنل میں شکست کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔
وزارت کھیل سندھ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے علاوہ کھیلوں کے آرگنائزرز کے علاوہ کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوستوں کی بڑی تعداد نے شاہد آفریدی ،فواد عالم،انور علی، اور شرجیل خان کا استقبال کیا۔ کوچ معین خان ،بیٹنگ کوچ ظہیر عباس اور فیلڈنگ کوچ شعیب محمد بھی کراچی پہنچے۔ فلائٹ چالیس منٹ لیٹ ہونے کے بعد استقبال کرنے والوں کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ کھلاڑی جیسے ہی باہر آئے ان کے گلے میں ہار ڈالے گئے اور زبردست نعریلگائے گئے۔ کپتان مصباح الحق سمیت لاہور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی پیر کی صبح لاہورپہنچیں گے۔ پاکستانی کھلاڑی چار دن اپنے اہل خانہ کے ساتھ گذاریں گے اور 14مارچ کو صبح سویرے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے لاہور سے براستہ دبئی ڈھاکا روانہ ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں دو وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں پہلا میچ 21مارچ کو کھیلے گی۔ کراچی ایئر پورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کرنے والوں میں سیکریٹری کھیل لئیق احمد،ڈپٹی سیکریٹری خالد خان، کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ مشیر ربانی اور کے سی سی اے کے سابق سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی شامل تھے۔