لکھنؤ: پسماندہ طبقات محکمہ کی ڈائرکٹر نیلم اہلاوت نے ۱۰ویں پاس طلباء و طالبات کی فیس بازیابی اور وظیفہ کی آن لائن درخواست میں پرنٹ کے ساتھ وصولیابی کی رسید دینے کی ہدایت تمام تعلیمی اداروں کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو طلباء محکمہ کی ویب سائٹ http://scholarship.up.nic.inکے ذریعہ وظیفہ اور فیس بازیابی کی درخواست دے رہے ہیں وہ پرنٹ آؤٹ کے ساتھ ملنے والی وصولیابی رسید پر متعلقہ کالج کی ریسیونگ ضرور حاصل کریں۔ جس پر کالج کی مہر کے ساتھ متعلقہ کلرک کی دستخط اور تاریخ کندہ ہو۔
مسز نیلم اہلاوت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی جانب سے طلباء کو رسید نہ دینا ضابطہ کی خلاف ورزی ہے یہ بھی شکایت ملی ہے کہ کچھ فارموں کی رسید پر صرف متعلقہ کالج کی مہر لگی اور ریسیو کرنے والے ملازم نے دستخط نہیں کئے ہیں۔ بعض فارموں پر مہر اور دستخط تو کئے گئے ہیں مگر ان پر تاریخ درج نہیں کی گئی ہے یہ سب بے ضابطگیاں بھی لائق گرفت ہیں۔