لکھنؤ : مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے اوقاف کے مسائل اور دیگر قومی و ملی حالات پر بولتے ہوئے کہاکہ ہماری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے یہ غیرت و بے غیرتی کی لڑائی ہے،ہم امام زمانہ ؑ کی جائداد کے تحفظ کے لئے ہمیشہ سینہ سپر رہے ہیں اور رہیں گے ۔مولانا نے اوقاف کی تباہی و بربادی پر سخت رخ اپناتے ہوئے کہا کہ وقف املاک کے تحفظ کے لئے جو بیانات دیے جارہے ہیں وہ صرف دھوکہ ہے ۔کیونکہ وقف املاک پر ابھی بھی ناجائز تعمیرات جاری ہیں ،زمینوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اور اس میں وقف بورڈ اور اس سے متعلق سبھی لوگ شامل ہیں ۔ملکہ گیتی کی ۹۰ بیگھہ زمین پر قبضہ ہوچکا ہے ۔وہاں صرف ایک تالاب بچا ہو ا تھا اس پر بھی اب ناجائز تعمیر شروع ہوچکی ہے جسے رکوانے کے لئے کچھ نوجوانوں نے کوشش کی ۔وہاں کے مقامی افراد نے جوانوں کے ساتھ مل کر تالا ب پر ہورہی ناجائز تعمیر کو رکوایا اور قبضہ ہونے سے روکا۔
مولانا نے مزیدکہاکہ جلد ہی قومی و ملی مسائل کے سلسلے میں بڑے جلسے کئے جائیں گے تاکہ قوم سے موجودہ حالات پر صلاح و مشورہ کے بعد مناسب اقدامات کئے جائیں ۔