ویلنگٹن۔ کین ولیمسن کی نصف سنچری اور بیجے واٹلنگ کے ساتھ چھٹے وکٹ کی ان کی 94 رن کی شراکت کی مدد سے نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف آج یہاں دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن اپنی توقعات کو برقراررکھا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک وقت 159 رن پر پانچ وکٹ گنوانے کے بعد بحران میں تھی لیکن ولیمسن اور واٹلنگ نے ٹیم کا اسکور پانچ وکٹ پر 253 رن تک پہنچاکر ٹیم کو 118 رنز کی برتری دلائی۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر ولیمسن 80 رنز بنا کر اپنے نویں ٹسٹ سنچری کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ واٹلنگ 48 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ان دونوں بلے بازوں کی جدوجہد کے باوجود سری لنکا کو دوسرا ٹسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا ہے۔ سری لنکا کرائسٹچرچ میں پہلا ٹسٹ آٹھ وکٹوں سے ہار گیا تھا۔ گزشتہ سال ہندوستان کے خلاف ویلنگٹن میں 302 رن کی ریکارڈ اننگز کھیلنے والے کپتان برینڈن میکلم اس بار ناکام رہے۔ پہلی اننگز میں صفر پر پویلین لوٹنے کے بعد وہ دوسری اننگز میں بھی 22 رنز ہی بنا پائے۔ہندوستان کے خلاف سنچری جڑنے والے جمی نیشام بھی 19 رنز ہی بنا پائے۔میکلم کے پویلین لوٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کو ولیمسن سے کافی امیدیں تھی جس پر وہ کھرا اترے۔
ولیمسن کو اگرچہ 29 اور 60 رن کے ذاتی اسکور پر زندگی بھی ملی۔دوسری اننگز میں ٹام لیتھم اور ہامش ردرفورڈ کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے 75 رن جوڑ کر ٹیم کو اچھی شروعات دلائی تھی لیکن اس کے بعد ٹیم نے 30 گیند کے اندر اندر تین وکٹ گنوائے۔ ردرفورڈ نے شارٹ گیند سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش میں تھرڈمین پر کیچ دیا جبکہ لیتھم وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر نوان پردیپ کا دوسرا شکار بنے۔راس ٹیلر نے صرف سات گیند کھیلنے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس سے نیوزی لینڈ کا اسکور بغیر وکٹ کھوئے 75 رن سے تین وکٹ پر 79 رنز ہو گیا۔میکلم اور نیشام بھی اس کے بعد زیادہ دیر نہیں ٹک پائے۔