نئی دہلی۔ تیز گیند باز دہلی کے ایشانت شرما ویسٹ انڈیز کے خلاف چل رہی ون ڈے سیریز کے باقی میچوں میں زخمی موہت شرما کی جگہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔کوچی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میںہندوستان کو ویسٹ انڈیز سے 124 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد وہ پانچ میچوں کی اس سیریز میں پچھڑ گیا ہے۔ تیز گیند باز موہت کی پہلے میچ کے دوران چوٹ اور بڑھ گئی جس کے بعد انہیں باقی سیریز سے باہر ہونا پڑا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈنے جمعہ کواس کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ موہت کی جگہ اب ایشانت ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ بورڈ نے بیان میں کہا ایشانت اب ٹیم انڈیا میں موجودہ سیریز کے لیے موہت کی جگہ لیں گے۔ انہیں آل انڈیا سینئر منتخب ٹیم نے قومی ٹیم میں کیا ہے ۔ تیز گیند ایشانت کیلئے یہ قومی ٹیم میں واپسی کا اچھاموقع ہے۔ وہ بنگلہ دیش کے خلاف دورخی سیریز۔ ایشیا کپ اور انگلینڈ میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے بعد ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے آخری بارہندوستانی ٹیم کی جانب سے جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ لیا تھا۔ ایشانت کو گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میںخراب کارکردگی کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز سے باہر کر دیا گیا تھا۔ لیکن پھر انہیں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف دوروں کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔ گزشتہ 12 ماہ میں ایشانت نے سات ون ڈے مقابلوں میں 48 کے اوسط اور 6۔87 کے ریٹ سے آٹھ وکٹ لئے ہیں۔ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہفتہ کو دہلی کے کوٹلہ میدان میں دوسرا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔ لیکن موہت کے ٹیم سے ہٹنے کی وجہ سے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آخری اووروں میں بہتر بولر کی کمی ضرور کھلیگی۔ گزشتہ میچ میں ٹیم کے بھاری فرق سے ہارنے کے باوجود دھونی نے کہا تھا کہ ان کے گیند بازوں کی کارکردگی ڈیتھ اووروں میں قابل تعریف تھی۔موہت نے کوچی ون ڈے میں آخری کے 12 اووروں میں سے چار اوورکئے تھے جن صرف 24 رن ہی دیے۔ لیکن فاسٹ بولر موہت فی الحال خراب فارم سے دوچار ہیں اور انہیں وکٹ نکالنے میں جدوجہد کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 11 ون ڈے میں 46۔12 کے اوسط اور 5۔18 کے ریٹ سے صرف آٹھ وکٹ ہی لئے ہیں۔