پرتاپ گڑھ:اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈ کوارٹر سے ستّر کلو میٹر کی مسافت پر واقع تحصیل کنڈا علاقے کے متعدد موضعات میں پنچایت الیکشن کے دوران ووٹر لسٹوں میں چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آیا۔اس معاملے کی انکوائری میں ہیراپھیری کی توثیق ہونے پر ایس ڈی ایم کی ہدایت پر اتوار کی دیر شام کنڈا کوتوالی پولس نے افسران اور کلرکوں سمیت اٹھارہ ملازمین کے خلاف متعدد سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے ۔ پولس ترجمان کے مطابق ایس ڈی ایم برج بھوشن رائے کی ہدایت پر رجسٹرار آفیسر صدیق احمد ،کمپیوٹر آپریٹر کملیش کمار ،بی آر سی چندر پرکاش سینئر کلرک راجیو کمار بلدیاتی دفتر اور کلرک سمیت اٹھارہ ملازمین ،جن میں اساتذہ اور مختلف محکموں کے ملازمین شامل ہیں، کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 419/420 /467/468 /471/128/134 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئ ہے ۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔