لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مہا نگر واقع وویکانند اسپتال کے احاطہ میں ایک خاتون مریضہ نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ذہنی طور پر بیمار تھی اور اسی بیماری سے پریشان ہو کر اس نے جان دے دی۔ وہیں غازی پور علاقہ میں رہنے والے ایک فوٹو اسٹیٹ دکاندار نے زہریلی شے کھاکر اپنی جان دے دی۔ پولیس کو اس کے ہاتھ کا لکھا خودکشی نوٹ بھی ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار ذہنی طور سے ڈپریشن میں رہتا تھا۔ وہیں علی گنج علاقہ میں بھی ایک لڑکی نے زہریلی شے کھاکر اپنی جان دے دی۔ سی او مہا نگر وشال پانڈے نے بتایا کہ گونڈہ کے کرنیل گنج کے رہنے والے کسان دیش راج کی اہلیہ تیس سالہ رماوتی ذہنی طور پربیمار چل رہی تھی۔ گزشتہ دس نومبر کو دیش راج اپنی اہلیہ کو علاج کیلئے وویکا نند اسپتال لایا تھا۔
اس کے بعد ڈاکٹروں نے رماوتی کواسپتال میں داخل کر لیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل دیر شب رماوتی اپنے بستر سے اٹھی اور اسپتال احاطہ میں ہی آم کے درخت میں دوپٹے کے سہارے لٹک کراپنی جان دے دی۔ کچھ دیر بعدجب دیش راج کی آنکھ کھلی تو اس نے دیکھا کہ اہلیہ غائب ہے ، اس نے اس کو ادھر اُدھر تلاش کیا لیکن کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ صبح کے وقت لوگوں نے اسپتال احاطہ کے باغ میں درخت سے رماوتی کی لاش کو لٹکتے ہوئے دیکھا۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر مہانگر پولیس بھی پہنچ گئی ۔ پولیس نے تفتیش کرکے رماوتی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رماوتی نے بیماری سے پریشان ہوکر اپنی جان دی ہے۔ رماوتی کے کنبہ میں تین بیٹیاں ہیں۔ وہیں اندرا نگر سیکٹر سی- ۳۹ کا رہنے والا تیس سالہ ادئے فوٹو اسٹیٹ کی دکان چلاتا تھا۔ اس کے اہل خانہ میں بزرگ والدین ہیں۔ ادئے کافی عرصہ سے ذہنی طورسے پریشان تھا اور نیند کی گولیاں کھاتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی شب کو بھی ادے روزانہ کی طرح کھانا کھاکر سو گیا۔ صبح جب وہ کافی دیر تک سوکر نہیں اٹھا تو اہل خانہ نے اس کو جگانے کی کوشش کی تو دیکھا کہ ادئے کی موت ہو چکی تھی ۔
اطلاع پاکر موقع پر غازی پور پولیس بھی پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو ادئے کے ہاتھ کا لکھا ایک خود کشی نوٹ بھی ملا ہے جس میں ادئے نے اپنی مرضی سے جان دینے کی بات لکھی تھی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ادئے نے ذہنی بیماری کے سبب خود کشی کی ہے۔اس کے علاوہ علی گنج کے فتے پور کے رہنے والے کورئر کمپنی میں ملازم اشوک عرف وجے کی بیٹی بیس سالہ کنک نے گزشتہ دس نومبر کو گھر میں زہریلی شے کھا لی تھی۔ اہل خانہ نے اس کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا تھا۔ علاج کے دوران آج کنک کی موت ہوگئی۔ کنک نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ کنک نے بی اے تک پڑھائی کی تھی۔