لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وکاس بھون میں سبمر سیبل پمپ کا موٹر جل جانے کے سبب پانی کی سپلائی ٹھپ ہے۔ اس سے عمارت کے ۱۸ محکموں میں تعینات ۳۰۰ سے زائد ملازمین اور کام کے سلسلہ میں آنے والے لوگوں کو پانی کیلئے ترسنا پڑ رہا ہے۔ افسر اور ملازمین اپنی پیاس بجھانے کیلئے باہر سے پانی منگانے کو مجبورہیں۔اس کے پیچھے پانی کی سپ
لائی کیلئے لگے سبمر سیبل پمپ کا موٹر جل جانا بتایا جا رہا ہے۔ وکاس بھون میں واقع متعدد دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو سپلائی یقینی بنانے کیلئے سبمر سیبل پمپ لگوایا گیا ہے جو دس ہارس پاور موٹر سے چلتا ہے۔ اتوار کی شام کو اچانک موٹر جل گیا اس کے بعد سے عمارت کو ہونے والی پانی کی سپلائی ٹھپ ہو گئی۔اس سلسلہ میں ملازمین نے انچارج کے پی ورما کو اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے پمپ ٹھیک کروانے کیلئے انجینئر سے رابطہ قائم کیا۔ جب انجینئر نے موقع پر پہنچ کر جانچ کی تو معلوم ہوا کہ موٹر جل گیا ہے۔ اس لئے اس کا کوائل بدلنا پڑے گا تبھی پانی کی سپلائی بحال ہو سکے گی۔ عالم یہ ہے کہ دو شنبہ کی صبح انجینئر کے پاس بننے کیلئے بھیجا گیا موٹر ابھی تک بن کر نہیں آیا ہے اس سے چیف ترقیات افسر دفتر ،ضلع ترقیات افسر دفتر، اسسٹنٹ کمشنر منریگا دفتر ، سماج بہبود افسر دفتر ،پروجیکٹ ڈائریکٹر دفتر، ضلع یوتھ بہبود افسر دفتر، ہائیڈولک محکمہ، ماہی پروری محکمہ، اور زرعی محکمہ سمیت تمام محکموںمیں پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ یہاں کام کرنے والے ملازمین بڑی مشکل سے پینے کے پانی کاانتظام کر پا رہے ہیں۔ دیگر ضروریات کیلئے پانی نہ ملنے کے سبب حالات بگڑنے لگے ہیں اس لئے بدھ کو تمام محکموں کے ملازمین نے متحد ہوکر اپنے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرانے کی چیف ترقیاتی افسر سے درخواست کی۔ انہوں نے پانی کے مسئلہ کو فوری طور پر انچارج نزارت کو پانی کا متبادل بندوبست کرنے کا حکم دیا۔ اس کے بعد دوسرے پمپ سے دوپہر بعد پانی کی سپلائی بحال ہو سکی۔