لکھنؤ پرتاپ گڑھ میں جمعرات کو جونیئر بار ایسو سی ایشن کے صدر راج دت کے قتل کی مخالفت میں آج وکلاء نے
سواستھ بھون چوراہے کے نزدیک مظاہرہ کیا۔ ان لوگوںنے قاتلوں کی گرفتاری، مقتول وکیل کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ اور کنبہ کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دیئے جانے کامطالبہ کیا۔
آج صبح کلکٹریٹ اور سول کورٹ کے درجنوں وکلاء سواستھ بھون چوراہے کے سامنے جمع ہوئے۔ وہ کل پرتاپ گڑھ میں ہوئے وکیل راج دت مشرا کے قتل کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ مظاہرہ کی اطلاع ملنے پر وزیر گنج پولیس اور قیصر باغ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے سواستھ بھون کی جانب جانے والے ٹریفک کو دوسری طرف ڈائیورٹ کر دیا ۔ مظاہرہ کر رہے وکلاء وکیل راج دت مشرا کے کنبہ کو معقول معاوضہ اور سرکاری ملازت دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرہ کر رہے وکلاء نے حکومت پر ان کو نظر انداز کئے جانے کا الزام عائد کیا۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال بھی وکیل راج دت مشرا پر جان لیوا حملہ ہوا تھا اور اس وقت بھی پرتاپ گڑھ پولیس نے کچھ نہیں
کیا تھا۔ تقریباً تین گھنٹے تک سواستھ بھون چوراہے پر وکلاء نے احتجاج کیا۔