لکھنؤ۔(نامہ نگار)چنہٹ علاقے میں چوروں نے ایک وکیل کے گھر سے لاکھوں کے زیورات اور ڈیڑھ لاکھ نقد چوری کرلئے۔موصولہ اطلاع کے مطابق چنہٹ کے جگن ناتھ پوری کمتا کے رہنے والے ہائی کورٹ کے وکیل راکیش یادو گزشتہ۲۶؍دسمبر کو اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ اپنے آبائی شہر امبیڈکر نگر گئے ہوئے تھے۔ یکم جنوری کو جب وہ لکھنؤ واپس آئے تو دیکھا کہ گھر کا تالا ٹوٹا پڑا ہے اندر جاکر دیکھا تو الماری میں رکھے تقریباً چھ لاکھ روپئے کے زیورات سمیت ڈیڑھ لاکھ روپئے نقد کے علاوہ گھر کا دیگر قیمتی سامان چوری ہوچکا تھا۔راکیش نے بتایا کہ جہاں وہ رہتے ہیں وہاں استھانہ نام کا ایک گارڈ ڈیوٹی کرتا ہے جس سے وہ اکثر فون پر معلومات حاصل کرلیا کرتا تھا راکیش نے بتایاکہ اس بار اس نے گارڈ کو فون نہیں کیا تھا راکیش نے ابھی تک کسی کو نامزد نہیں کیا ہے واردات کی اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے موقع کا معائنہ کیا اور اس کے بعد چوری کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔