دبئی: انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان فاسٹ باؤلر وہاب ریاض پر دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
ٹاہم ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ٹیم میجمنٹ اس حوالے سے وہاب ریاض کےخلاف کوئی ویڈیو ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انگلش ٹیم مینجمنٹ نے میچ ریفری کو شکایت کی ہے کہ ان کے بیٹسمین جو روٹ کو وہاب ریاض پر بال ٹیمپرنگ کا شبہ ہے۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے قومی ٹیم مینجمنٹ کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی اور بال ٹیمپرنگ کا الزام بے بنیاد ہے۔
وہاب ریاض نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار انگلش بلے بازوں کو پویلین واپس لوٹایا تھا۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ اور ان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت میزبان ٹیم انگلینڈ کو 242 رنز تک محدود رکھنے میں کامیاب رہی جبکہ دوسری اننگ میں شاندار بیٹنگ کے بعد گرین شرٹس اب میچ پر پوری طرح حاوی ہیں۔
میچ کے پانچویں روز انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 361 رنز درکار ہیں جبکہ اس کے پاس سات وکٹیں باقی ہیں۔
جو روٹ 59 جبکہ جونی بیئرسٹو 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔