نئی دہلی : سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش کے ویاپم گھپلے کے معاملے میں ریاست کے گورنر رام نریش یادو سے آج جواب طلب کیا۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو، جسٹس شوکیرتی سنگھ اور جسٹس امیتابھ رائے کی بینچ نے حق اطلاعات (آر ٹی آئی) کے کارکن سنجے شکلا کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ اور مسٹر یادو کو نوٹس جاری کئے ۔ درخواست گزار نے ویاپم گھپلے میں مسٹر یادو کے کردار کے سلسلے میں انہیں گورنر کے عہدے سے ہٹائے جانے کی ہدایت دینے کی درخواست کی ہے ۔ غور طلب ہے کہ عدالت عظمی نے ویاپم گھپلے کی جانچ کی ذمہ داری مرکزی تفتیشی بیورو کو دی ہے ۔ سی بی آئی جانچ شروع ہونے کے بعد سے اس معاملے سے وابستہ لوگوں کی اموات کا سلسلہ تقریبا ختم ہو گیا ہے ۔