دھرم شالہ: جنوبی افریقہ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ کے دوران بھارتی بلے باز ویرات کوہلی ٹی 20 میں سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں اپنی 46 رنز کی اننگز کے دوران ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور ایلیکس ہیلز کا ریکارڈ توڑا۔ انگلینڈ کے دونوں بلے بازوں نے 32 میچوں میں ایک ہزار رنز پورے کیے تھے جبکہ کوہلی نے 29 میچوں کی 27 اننگز میں 46.13 کی اوسط سے پانچ بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 1015 رنز بنائے ہیں۔