نیویارک: ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی سافٹ ویئر سروس کمپنی انفوسس نے آج کہا کہ اس کے خلاف امریکی ویزا قانون کے تحت اس سال جون میں شروع کی گئی جانچ میں امریکی حکومت کو قوانین کی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ انفوسس نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کو یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکی محکمہ محنت نے اپنی جانچ مکمل کر لی ہے اور کہا ہے کہ سدرن کیلیفورنیا ایڈیسن پروجیکٹ سے متعلق معاملے میں محنت قوانین پر پوری طرح عمل درآمد ہوا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ انفوسس نے امریکی محکمہ محنت کی جانچ میں پورا تعاون کیا۔ ۱۴۵ سے زیادہ فائلوں کا جائزہ لیا گیا اور اس میں پایا گیا کہ کسی طرح کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ امریکہ نے جون میں انفوسس اور اس کی مد مقابل کمپنی ٹاٹا کنسلٹینسی سرویسز (ٹی سی ایس) کے خلاف ایچ۔1بی ویزہ کے قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی کے سلسلے میں جانچ شروع کی تھی اس معاملے میں ٹی سی ایس سے رد عمل ملنا باقی ہے۔