سینٹ جونز۔ویسٹ انڈیز کے مشہورا سپنر سنیل نارائن نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کو اپنے بولنگ ایکشن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔سنیل نارائن کا ایکشن انڈین پر
یمیئر لیگ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوئی تھی جس کے بعد انھیں ہندوستانی بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی ایونٹ میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
اس پابندی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عالمی سطح پر پابندی کے ڈر سے نارائن کو انڈیا کے دورے پر لے جانے سے گریز کیا اور ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے بھی ان کا انتخاب زیر غور نہیں آیا۔متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود سپنر کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے پر ماہرین کرکٹ نے کافی حیرانی کا اظہار کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ نارائن ورلڈ کپ میں بولنگ کرنے کی صورت میں مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے اور ان کا اسکواڈ میں انتخاب کسی بڑے معمے سے کم نہیں۔نارائن کی ورلڈ کپ سے دستبرداری سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے کیونکہ اسکواڈ سے پہلے ہی آل راؤنڈرز ڈوین براوو اور کیرن پولارڈ کو بھی باہر کیا جا چکا ہے۔