حیدرآباد۔ بی سی سی آئی نے آج ویسٹ انڈیز کے ساتھ تمام باہمی کرکٹ دورے معطل کر دیے اور گزشتہ ہفتے ہندوستان کا دورہ درمیان میں منسوخ کرنے کیلئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ سیریز درمیان میں منسوخ ہونے سے بھاری نقصان اٹھا رہی بی سی سی آئی نے یہ سخت فیصلہ ورکنگ کمیٹی کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں لیا۔ویسٹ انڈیز کے ساتھ تمام کرکٹ دورے معطل کرنے اور قانونی کارروائی کا فیصلہ ورکنگ کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور پر لیا۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے اجلاس کے بعد ایک مختصر بیان میں کہابی سی سی آئی کا دورہ درمیان میں منسوخ کرنے کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔ بی سی سی آئی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے درمیان تمام دو طرفہ دورے معطل رہیں گے۔ بی سی سی آئی نے اتنے کم وقت کے اندر اندر پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے راضی ہونے پر سری لنکا کرکٹ بورڈ کی تعریف بھی کی۔ بیان میں کہا گیا ارکان نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے جس نے اتنے کم وقت کے اندر اندر بھی دو نومبر 2014 سے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کی ہماری در
خواست مان لی۔بیان میں کہا گیایہ دورہ اگلے سال سری لنکا کی ٹیم کے تعین سے ہندوستانی دورے کے بدلے میں ہوگا۔ ہندوستان جولائی اگست 2015 میں سری لنکا کا دورہ کرے گا۔ پانچ ون ڈے میچ کٹک، حیدرآباد، رانچی، کولکاتہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے جبکہ تفصیلی پروگرام کا اعلان جلد ہی ہوگا۔ بی سی سی آئی کے بیان میں اگرچہ یہ نہیں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ دوروں پر کب تک روک رہے گی۔ سمجھا جاتا ہے کہ زیادہ تر رکن ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے خلاف سخت قدم اٹھانے کے حق میں تھے۔ویسٹ انڈیز کو آٹھ اکتوبر سے 19 نومبر کے درمیان ہندوستان میں پانچ ون ڈے، ایک ٹی 20 اور تین ٹیسٹ کھیلنے تھے لیکن اپنے اندرونی ادائیگی تنازعہ کے سبب ٹیم چار ون ڈے کے بعد دورہ منسوخ کرکے چلی گئی۔ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ویسٹ انڈیز کے خلاف کارروائی اور معاوضے کی رقم طے کرنے کے بارے میں فیصلے کیلئے بلائی گئی تھی۔ کیریبین کھلاڑیوں کی 17 اکتوبر کو دھرم شالہ میں ون ڈے کھیلنے کیلئے کافی خوشامد کرنی پڑی تھی۔ انہوں نے بی سی سی آئی کو دورہ درمیان میں منسوخ کرنے کے بارے میں وہیں مطلع کیا تھا۔ پٹیل نے پہلے ہی اشارہ دے دیا تھا کہ بی سی سی آئی ویسٹ انڈیز بورڈ کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا تھا ہمیں ویسٹ انڈیز کے دورہ درمیان میں منسوخ کرنے کے فیصلے سے کافی نقصان ہوا ہے۔ ہم اس کے معاوضہ کا مطالبہ کریں گے اور آئی سی سی کے سامنے بھی یہ مسئلہ رکھیں گے۔کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ کی طرف سے دیئے گئے نئے معاہدے سے خفا تھا جو انہیں ہندوستان پہنچنے کے بعد دیے گئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہوئے نئے معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 75 فیصد کی کمی ہو رہی ہے۔