کراچی: دوسرے ویمن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔
پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانے والی پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔
کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستانی کپتان ثناء میر نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے۔
بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث کھل کر نہ کھیل سکی۔
بنگلہ دیش ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا سکی، رومانہ احمد 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی سمعیہ صدیقی اور ندا ڈار نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں اننگز کے آغاز میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار دکھائی دی اور جویریہ خان 2 ، ندا ڈار 3 ، ارم جاوید ایک ، اسماویہ اقبال 7 ، عالیہ ریاض 20 جبکہ مرینہ اقبال 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
بسمعہ معروف نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے قومی ٹیم کو مشکلات سے نکالا ، وہ 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کےنقصان پر 114 رنزبنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے 2 ، سلمٰی خاتون اور لتا موندل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بسمعہ معروف کو میچ اور سیریز کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں ہی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 29 رنز سے شکست دی تھی.
یہ بھی پڑھیں : ویمن ٹی ٹوئنٹی: پاکستان 29 رنز سے فتحیاب
بنگلہ دیشی خواتین کرکٹرز نے 6 سال کے طویل عرصے بعد کراچی کے ویران کرکٹ میدان کو آباد کیا، اس سے قبل 2009 میں سری لنکا اور پاکستان کی ٹیموں (مینز) کے درمیان آخری بار کراچی میں انٹرنیشنل میچ کھیلا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق کپتان ثنا میر اور بسمہ معروف کے علاوہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل دیگر کرکٹرز پہلی بار ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی تھیں۔