کراکاس: وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کی جانب سے 100 بولیور کے نوٹ پر پابندی کے اعلان کے بعد عوام ان نوٹوں کو خرچ کرنے یا تبدیل کرانے کی فکر میں لگ گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق نکولس مدوروں نے نوٹ پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے کولمبیا کی سرحد سے ہونے والی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
وینزویلا کی حکومت نے دنیا کی بلند ترین افراط زر کے باجود اس پابندی کے بدلے رواں ہفتے زیادہ مالیت کے نئے نوٹ جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
نکولس مدوروں نے خبردار کیا کہ نئی کرنسی کی تجارت کے لیے اب 100 بولیور کے نوٹ کو ملک میں دوبارہ لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ وینزویلا میں 100 بولیور کے نوٹ کی قیمت میں گذشتہ چند سالوں میں بڑی کمی آئی ہے اور اب بلیک مارکیٹ میں اس کی قیمت دو امریکی سینٹ کے برابر رہ گئی ہے۔
وینزویلا کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ 100 بولیور کے نوٹ پر پابندی کا اطلاق اعلان کے 72 گھنٹے بعد سے ہوجائے گا۔
قبل ازیں وینزویلا کے مرکزی بینک نے 15 دسمبر سے 500 اور 20 ہزار بولیور مالیت کے نئے نوٹ کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔
وینزویلا میں اندازے کے مطابق ہر تیسرے شخص کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے اور ایسے افراد اپنے پیسوں کی بچت 100 بولیور کے نوٹ کی شکل میں کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 9 نومبر کو بھارتی حکومت نے بھی ملک میں کالے دھن کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 500 اور ایک ہزار انڈین روپے کے نوٹوں کا استعمال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کرنسی نوٹوں پر پابندی کے اعلان اور ان کی تبدیلی کے لیے کم وقت دیئے جانے پر لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے اور نوٹوں کی تبدیلی کے دوران جان لیوا واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔