بلند شہر،02فروری(یو این آئی)اتر پردیش کے بلند شہر میں اطلاع دئے بغیر شوگر مل میں پیرائی بند ہونے کے خلاف کسانوں نے آج ضلع کلکٹریٹ کے باہر مظاہرہ کیا اور مل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔کسانوں کا کہنا ہے کہ بغیر اطلاع کے مل نے کسانوں سے گنا لینا بند کر دیا جبکہ کھیتوں میں گنے کی فصل تیار ہے ۔ کل شام میں بھی گنا لینے سے انکار کرنے پر کسانوں نے کافی ہنگامہ کیا تھا۔انتظامیہ نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ مل کسانوں سے گنا مسلسل لیتا رہے گا لیکن مل نے نہ تو کل کسانوں کا گنا لیا اور آج صبح مل پر تالالگاکر مل کے افسران غائب ہوگئے
۔صبح جب کسان اپنے گنے لے کر مل پہونے تو وہاں تالا دیکھا جس پر وہ مشتعل ہوگئے ۔ یہاں سے سارے کسان گنے سے لدی گاڑیاں لے کر کلکٹریٹ پہنچ گئے اور نعرہ بازی شروع کر دی حالانکہ کل وزیر اعلی اکھیلیش یادو کے مختصر دورے کی تیاریوں میں لگے افسران کسانوں کی فریاد سننے کیلئے موقع پر موجو د نہیں تھے ۔کسانوں نے آج بتایا کہ اگر مل نے ان کا گنا نہیں لیا تو یہ مظاہرہ تحریک کی شکل اختیار کر لے گا اور اسے بڑے پیمانے پر کیا جائے گا۔