ممبئی۔ہندوستان کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر ۳برس بعد فلم میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ اطلاع کے مطابق ہندوستان اور ناروے کے اشتراک سے فلم ’’دونوں وائی ۲؍لائف از اے مومینٹ‘‘ بنائی جارہی ہے۔ فلم کو بیک وقت ہندی، انگریزی اور نارویجین زبانوں میں بنایا جارہا ہے۔ جس میں زینت امان، کپل شرما، یووراج پراشار اور پاکستانی اداکارہ سعدیہ خان اہم کردار ادا کررہے ہیں۔فلم کے میوزک ڈائریکٹر نکھیل اڈوانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب فلم کی کہانی اور گانے کے بول لتا منگیشکر کو سنائے اور انہیں گانے کی پیشکش کی تو انہوں نے فوراً حامی بھر لی۔ لتا نے جس طرح نغمے کو گایا ہے وہ صرف اور صرف ان ہی کا کمال ہوسکتا ہے،کوئی دوسرا گلوکار اس سے انصاف نہیں کرسکتا تھا۔واضح رہے کہ لتا منگیشکر نے گزشتہ ۷دہائیوں میں ہندوستانی فلموں کے لئے ایک ہزار سے زائد گانے گائے ہیں تاہم بالی ووڈ کی موسیقی اور نغموں میں استعمال ہونے والی زبان کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصے سے انہوں نے فلمی سرگرمیاں انتہائی محدود کردی ہیں۔