لکھنؤ(بیورو)منگل کا دن لکھنؤ میں گومتی صفائی مہم کی شروعات کا گواہ بنا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ مرکزی وزیر اما بھارتی نے خود گومتی سے گندگی ہٹا کر عام آدمی سے تعاون کی اپیل کی اس کے ساتھ ہی یہ وعدہ کیا کہ لکھنؤ میں کڑیا گھاٹ سے لے کر لامارٹینئر کالج تک گومتی کے کنارے کی تزئین کاری کی جائے گی جیسا کہ احمدآباد میں سابرمتی کے ساحل کی تزئین کاری کی گئی ہے۔
لکشمن میلہ میدان میں لوک ادھیکار منچ کی جانب سے صفائی مہم کی شروعات کرتے ہوئے وزیر
داخلہ نے کہا کہ گومتی کی صفائی ان کے منصوبہ کا اہم حصہ ہے۔ ہم نے جو وعدہ کیا ہے وہ پورا ہوگا تھوڑا وقت ضرور لگے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل تکنیکی ٹیم نے رپورٹ تیار کر کے حکومت کو بھیج دی ہے اور اب ڈی پی آر او بنانے کی ہدایت دے دی گئی ہے ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ پانچ برس کے اندر لکھنؤ میں گومتی کو گندگی سے پاک کر دیں گے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اما بھارتی نے کہا کہ جن ممالک کی ندیاں خشک ہونے لگتی ہیں ان کی قسمت بھی خشک ہونے لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنگا کی طرح گومتی کو بھی صاف کیا جائے گا۔