کانپور : کارپوریشن کے ذریعہ پولیس عملہ کے ساتھ ٹاٹ مل سے بابوپوروا کے درمیان غیر قانونی قبضہ ہٹاؤ مہم شروع کی گئی تھی۔ اس دوران کارپوریشن کے دستہ اور لوگوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ بابوپوروا کے ڈی ایس پی پوتر موہن ترپاٹھی نے بتایا کہ سابق کونسلر فورم کی عرضی پر سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے کچھ عرصہ قبل ضلع مجسٹریٹ کو شہر کی سڑکوں سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے اور جام سے نجات دلانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی نے اس سلسلہ میں ایک ٹیم تشکیل کی تھی۔ کل شام پولیس، پی اے اسی اور کارپوریشن کی ٹیموں نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم شروع کی۔ مہم کے تحت بابو پوروا سڑک کے کنارے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا گیا اور تقریباً تین درجن جھوپڑیوں کو منہدم کرکے ان کا سامان ضبط کرلیاگیا ۔ اس کے بعد کارپوریشن کی ٹیم اور پولیس عملہ مسوان پور علاقہ میں پہنچا ۔ علاقہ میں غیر قانونی قبضہ کرنے والوں نے ہنگامہ آرائی کی۔ اسی دوران غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے لئے آواس وکاس بورڈ کے ایکسین ایس پی سنگھ بھی وہاں پہنچے اور انہوں نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے لئے کہا۔ اسی دوران علاقہ کے لوگ خاص طور سے عورتیں سڑکوں پر لیٹ گئیں اور مخالفت کرنے لگیں۔ اسی بیچ کسی شخص نے ایکسین سنگھ کے ساتھ مارپیٹ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس نے عورتوں اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔مسٹر ترپاٹھی نے بتایا کہ غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم جاری رہے گی اور جو بھی اس کی مخالفت کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔