لال گنج رائے بریلی(نامہ نگار)شہر کے بخشی چوراہا واقع ٹرانسفارمربدھ کی رات آگ لگ جانے کے سبب جل گیا۔اس دوران ٹرانسفارمر میں تیز دھماکے ہوتے رہے۔ علاقہ کے لوگوں نے بجلی گھر ومحکمہ کے افسران کو اطلاع دینے کی کوشش کی لیکن بجلی گھر سمیت محکمہ کے افسران کے موبائل نمبر بند تھے۔جس کی وجہ سے پورے شہر کے علاوہ قرب وجوار کے گائوںمیں بھی بجلی فراہمی متاثر ہوگئی ۔ موصولہ خبر کے مطابق گزشتہ شب شہر میں تقریبا نصف گھنٹے تک زبردست دھماکوںکی آواز گونجتی رہی۔ بتایاجارہا ہے یہ دھماکے بخشی چوراہے پر لگے ہوئے ٹرانسفارمر کے جلنے سے ہو رہے تھے۔ ٹرانسفارمر کے جلنے سے پورا شہر تاریک ہوگیاجب کہ قریب میںواقع بجلی گھر کے افسروملازمین غفلت میں سوتے رہے فون ک
ی گھنٹیاں بجتی رہیں لیکن کسی بھی افسروملازمین نے فون اٹھانے کی زحمت گوارانہیں کی۔کافی دیر کے بعد جب بجلی محکمہ کے ملازمین جائے موقع پر پہنچے تو اس وقت تک ٹرانسفارمر جل کر راکھ ہوگیاتھا۔ ٹرانسفارمر میں آگ لگنے کے سبب نصف درجن بجلی کے پول گر گئے جس کی وجہ سے گیارہ ہزارلائن کے تاروںکونقصان پہنچا ۔ آج صبح بجلی محکمہ کے افسروملازمین موقع پرپہنچے ۔ لوگوں کے مشتعل ہونے کے بعد پاورکارپوریشن محکمہ کے افسران نے موقع پرپہنچے کرمرمت کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔ پاور کارپوریشن کے افسران نے بتایاکہ۴۸ گھنٹے کے بعد بجلی کی سپلائی بحال کردی جائے گی۔