لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے آج انکی سرکاری رہائش گاہ پر فلم اداکار روی کشن نے ملاقات کی ۔ انہوں نے ریاست میں فلم تعمیر کو فروغ دینے کے لئے ریاستی حکومت کی نئی فلم پالیسی کی ستائش کی ۔ اس موقع پر روی کشن نے وزیر اعلیٰ سے فلم سٹی کے قیام کے لئے زمین مہیا کرانے کی اپیل کی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس اپیل پر ریاستی حکومت کی جانب سے مثبت کارروائی کئے جا نے کی یقین دہانی دیتے ہوئے کہا کہ خواہش مند فلم پروڈیوسروں کے ذریعے تجویز دئیے جانے پر ٹرانس گنگا پروجیکٹ میں زمین کی فراہمی کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں فلموں کی شوٹنگ کے ذریعہ مقامی لوگوں کو روزگار وریاست کے فنکاروں کو اپنے جوہر کا مظاہرہ کرنے کا موقع حاصل ہوتا ہے۔ اسی کے مدنظر نئی فلم پالیسی میں تجویز کی گئی ہے انہوںنے فلم پروڈیوسروں کو ریاست میں فلموں کی شوٹنگ کرنے کیلئے مدعو کرتے ہوئے کہا کہ اس کام میں ریاستی حکومت کے ذریعہ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ روی کشن نے کہا کہ بڑی تعداد میں فلم پروڈیوسر اور فنکار ریاست میں کام کرنے کیلئے تیار ہوئے ہیں۔ ریاست سے جڑے بے شمار لوگ آج فلم صنعت میں سرگر م ہیں اور وہ ریاست میں فلم صنعت کے فروغ کے لئے خواہش مند ہیں۔