لکھنؤآشیانہ علاقہ میں جمعہ کی دوپہر اسکول سے واپس گھر جا رہے درجہ کے جی کی ایک طالب علم کو ٹرک نے کچل دیا۔ حادثہ کے بعد ملزم ڈرائیور گاڑی کو روکنے کے بجائے بچے کو روندتا ہوافرار ہونے لگا۔ مقامی لوگوں نے کسی طرح ملزم ڈرائیور کو پکڑ لیا اور پٹائی کے بعد پولیس کے سپرد کر دیا۔ آشیانہ کے رتن کھنڈ توندے کھیڑا کا راجہ رام اپنی بیوی کیش کماری اور پانچ بچوں پلوی، ایلن، انشیکا، ہمانشو اور سوریانش کے ساتھ رہتا ہے۔ ۷سالہ ہمانشو گھر سے باہر کچھ دور پر واقع نیو اورنگ آباد اسکول میں درجہ کے جی کا طالب علم تھا وہ جمعہ کو اپنی رشتہ دار کی بیٹی کیرتی جو اسی اسکول میں درجہ پنجم کی طالبہ ہے اس کے ساتھ اسکول سے واپس آرہا تھا کہ اورنگ آباد کراسنگ کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے ہمانشو کو پیچھے سے کچل دیا۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور نے ٹرک کو بھگانے کی کوشش کی اور بچہ پر پہیہ چڑھاتا ہوا بھاگنے لگا۔ وہیں مقامی لوگوں نے کسی طرح ٹرک کو روک لیا اورڈرائیور کی پٹائی کے بعد پولیس کے سپرد کر دیا۔ پکڑے گئے ڈرائیور نے اپنا نام کرشنا نگر کے آزاد نگر کا رہنے والا اشتیاق بتایا۔ پولیس نے ہمانشو کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔