لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موہن لال گنج علاقہ میں دادی کے ساتھ نکلے بھائی کے پیچھے اسے پکارتی ہوئی جا رہی معصوم کو سڑک پار کرتے وقت ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹرک کے اگلے پہیے کی زد میں آجانے سے وہ بری طرح سے لہو لہان ہو گئی۔ گاؤںکے باشندوں نے فوری اسے نجی اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت نازک دیکھتے ہوئے ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ ٹراما سینٹر میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ ملزم ٹرک ڈرائیور کو لوگوں نے دوڑا کر پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ وہیں دیگر حادثہ میں بندوا گاؤں سے موڑ کے نزدیک موٹر سائیکل سوار سڑک پار کررہے لڑکے کو ٹکر مار کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا جس سے موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ پیدل لڑکے کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ مو
ہن لال گنج کے سرائے محلہ کا رہنے والا کلیم ڈی سی ایم ڈرائیور ہے۔
دو شنبہ کی صبح کلیم کی والدہ شفیقن قصبہ کے ایک بڑے نجی اسکول میں پڑھنے والے اپنے پوتے لاریب کو اسکول وین میں چھوڑنے کیلئے نکلی تبھی لاریب کی چھوٹی بہن فوزیہ (۳) بھی پیچھے دوڑ پڑی لیکن وین ڈرائیور گاڑی کو صحیح سمت میں لانے کے بجائے ہائی وے کے دوسری جانب کھڑی کئے رہا۔ جس سے شفیقن لاریب کو لیکر ڈیوائڈر پار کر کے دوسری طرف لے جاکر وین میں بٹھانے لگی۔ پیچھے پیچھے فوزیہ بھی چلتی گئی لیکن ڈیوائڈر چڑھنے کے دوران گر گئی تبھی رائے بریلی کی جانب سے آرہے تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر مار دی اور بھاگنے لگا لیکن لوگوں نے اسے کوتوالی کے پاس پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ٹکر لگنے سے زخمی فوزیہ کو آس پاس موجود لوگوں نے سی ایچ سی اسپتال لے جاکر داخل کرایا وہاں سے ڈاکٹروں نے اسے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔ وہیں دیگر حادثہ میں گوسائیں گنج کے رقیب آباد کا رہنے والا اشوک کمار (۳۵) اتوار کو اپنے والد بدھا لال کے ساتھ ننہال نگوہاں کے منگٹئیا گیا تھاوہاں سے وہ دو شنبہ کو والد کو وہیں چھوڑ کر موٹر سائیکل سے واپس لوٹ رہا تھا۔ راستے میں بندواکے نزدیک پیدل روڈ پار کر رہے سسینڈی کے رویندر کمار کو ٹکر مار کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ رویندر کو سنگین حالت میں ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ حادثہ کی اطلاع پاکر سی ایچ سی پہنچی اشوک کی بزرگ والدہ ممتا اور والد بدھا لال اکلوتے بیٹے کی لاش پر دیکھتے ہی ہوش کھو بیٹھے جس کے بعد وہاں موجود رشتہ داروں نے کسی طرح انہیں سنبھالا تب جاکر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا جا سکا۔