لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ٹھاکر گنج علاقہ میں ٹرین کی زد میںآکر ایک شخص کی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے لاش کا پنچ نامہ بھر کے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ٹھاکر گنج کے بھوہر ریلوے پھاٹک کے قریب رہنے والے لالتا نے بتایا کہ ریلوے لائن کے قریب ایک لاوارث شخص کی لاش پڑی ہوئی تھی۔ اس کی اطلاع اس نے پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کی تلاشی لی تو اس کے پاس سے پرس برآمد ہوا جس میں موبائل نمبر درج تھے۔ پولیس نے مذکورہ نمبروں پر فون کر کے اس کی اطلاع اس کے اہل خانہ کودی۔ موقع پر اہل خانہ نے پہنچ کر رمیش کمار کے طور پر اس کی شناخت کی۔ متوفی سندیلہ کا رہنے والا تھا۔ متوفی کی جیب سے شراب کی بوتل برآمد کی اور اس کے اہل خانہ نے بتایا کہ رمیش شراب پینے کا عادی تھا ۔ پولیس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ رمیش کی موت ٹرین سے گرنے کے سبب ہوئی ہے۔