گورکھپور: بغیر اجازت ٹرین میں مسافروں کو کھانے کا سامان مہیا کر نے والے پرائیوٹ کمپنی کے دو ملازمین کو شمال مشرقی ریلوے کے کمرشیل محکمہ کے افسران نے کشی نگرایکسپریس میں کھانے کے پیکٹ فروخت کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ دونوں ملزمین آرڈر ملنے کے بعدایک ہوٹل سے کھانا لے کر آئے تھے۔ پوچھ گچھ کے بعدافسران نے دونوں ملزمین کوآر پی ایف کو سپرد کردیا۔ موصولہ خبر کے مطابق پرائیوٹ کمپنی ٹریول کھانا ڈاٹ کام بغیر ریلوے بورڈ کی اجازت کے ٹرینوں میں مسافروں کو کھانا سپلائی کررہی تھی۔
آئی آر سی ٹی سی (انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن )کی طرز پرکھانا سپلائی کرنے کا پردہ فاش ہونے پرریلوے افسران نے پرائیوٹ کمپنی کے لوگوں کو پکڑنے کے لئے مہم شروع کی ہے۔
شمال مشرقی ریلوے کے چیف کمرشیل منیجراروند کمار نے بتایا کہ بدھ کے روز افسران نے مذکورہ کمپنی کے موبائل نمبر پرفون کرکے کشی نگر ایکسپریس ٹرین میں کھانا پہنچانے کاآرڈر دیا۔ گونڈہ اسٹیشن پر شنکر ہوٹل سے پرکاش یادو اور پردیپ شرما نام کے دوافراد کھانا لے کر پہنچے ۔ دونوں نے تین سو دس روپئے مانگے لیکن افسران نے دونوں کو پکڑ لیا۔ دونوں نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ ہوٹل پر کھانے کاآرڈر دیا گیا تھا اور انھیں ہوٹل کے مالک نے کھانا پہنچانے کے لئے کہا تھا۔ افسران نے دونوں افراد کوآر پی ایف کے سپردکردیا۔