بیدر:3ڈسمبر؛ٹرین کی زد میں آکر اپنے دونوںپیراوردائیں ہاتھ سے محروم نوجوان محمد شکیل ولد محبوب میاں متوطن باڑور تعلقہ بھالکی کاحیدرآباد میں علاج چل رہاہے۔ جس کے لئے آج شاہین ادارہ جات بیدر کے طلباء وطالبات نے اپنی پاکٹ منی سے محمد شکیل کے لئے مالی تعاون کیا اور جملہ 38,690روپئے کی رقم پی یوسال دوم کی دوطالبات ودیا شری اور شفاروحی کے ہاتھوں ، عبدالعظیم سر ، ایچ او ڈی بیالوجی کی زیرنگرانی محمدخلیل صاحب، مالک ممبئی دھماکہ سیل واقع روبرو ڈی سی سی بینک بیدر کے حوالے کردی گئی تاکہ وہ محمد شکیل کے والدین تک اس رقم کو پہنچاسکیں ۔ مولانا مفتی غلام یزدانی اشاعتی ، مولانا عبدالرزاق ، مولانا فہیم الدین رشادی ، مولانا عزیر صاحب ، حافظ ذاکر کے علاوہ محمد شکیل کے دوست احباب میں محمدرفیق ، مقصودبھائی، سلیم بھائی میکانک ، عبدالرحمن ، نعمت بھائی ،اور محمد رسول وغیرہ اس موقع پر موجودتھے۔جناب عبدالقدیر سکریڑی شاہین ادارہ جات بید رنے بتایاکہ شاہین اسکول و کالج کے طلباء کو سماجی کاموں کی عادت آغاز ہی سے ڈال دی جاتی ہے۔ اڑیسہ کا سیلاب ہو، دہلی کا زلزلہ ، آسام کے فسادات ، یاپھر بھالکی تعلقہ ہی کی ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کامعاملہ ، شاہین کے طلباء وطالبات نے اپنی پاکٹ منی سے انھیں مالی تعاون سابق میں دیاہے۔ہرسال شاہین کے طلباء وطالبات سردیوں میںفٹ پاتھ پر سونے والوں میں کمبل تقسیم کرتے ہیں ۔اورسرکاری دواخانہ پہنچ کر غریب مریضوں میں پھلوں کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ یقینا ایسے کاموں سے طلباء میں دوسروں سے ہمدردی کا جذبہ پید اہوتاہے۔ موصوف نے اپنے اسکول اور کالج کے طلباء کے بہتر رینک کے لئے دعا ؤں کی گذارش بھی کی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نماز جمعہ میں جامع مسجد بیدر سے 22760روپئے اور بھالکی مستقر سے 25000روپئے کی رقم جمع کرکے لڑکے کے وارثین کے حوالے کر دئے گئے ہیں ۔مزید رقم دینے کے خواہشمند مولانا غلام یزدانی ، یاپھر محمد خلیل مالک ممبئی دھماکہ سیل بیدر سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔