ہاپوڑ (نامہ نگار )کوتوالی علاقہ میں جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے۔ واقعات پر روک لگانے میں پولیس کو کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ گزشتہ شب نصف درجن سے زائد بدمعاشوں نے ٹریکٹر کے شوروم کو نشانہ بنایا۔ چوکیدار کو یرغمال بناکر بدمعاش دولاکھ سے زائد کی نقد رقم وتقریبا دو درجن چاندی کے سکہ و مورتی لیکر فرار ہوگئے۔بھاگتے ہوئے بدمعاشوں نے شوروم میں لگے ہوئے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑد یا۔
خبر کے مطابق کوتوالی علاقہ کے دہلی روڈ پر تروپتی ٹریکٹرس لمیٹیڈ کے نام سے ایک شوروم ہے۔ جس کے مالک اشوک مہیشوری ہیں۔شوروم میں ارجن نگر کا باشندہ سکھدیو چوکیدار کے طور پر ملازمت کرتاہے۔کل دیر رات نصف درجن سے زائد نقاب پوش بدمعاشوں نے شوروم کو نشانہ بنایا اور چوکیدار سکھ دیو کو یرغمال بنالیا۔
بدمعاشوں نے شوروم میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیئے اور تجوری کا تالا توڑ کر اس میں رکھی ہوئی دو لاکھ سے زائدرقم، مورتی اور چاندی کے ۱۹سکہ ودیگر قیمتی سامان لوٹ لئے۔اگلے دن ہاکر شوروم پر پہنچا اس نے شوروم کا دروازہ کھلا ہوا دیکھا اور اندر پہنچا ۔ ہاکر نے چوکیدار کی رسیوں کو کھولا اس کے بعد سکھ دیو چوکیدار نے واردات کی اطلاع شوروم کے مالک کو دی۔لوٹ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے موقع کا معائنہ کیا۔ شوروم کے مالک نے نامعلوم بدمعاشوں کے خلا
ف کوتوالی میں رپورٹ درج کرادی ہے۔