اسلام آباد۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایک روزہ میچوں سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، تاہم ٹسٹ کیلئے کپتان برقرار رہوں گا، ورلڈکپ میں پوری دیانتداری کے ساتھ کھیلے۔ نجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ جب تک فٹ ہوں ٹسٹ کرکٹ کھیلتا رہوں گا، ورلڈ کپ میں ٹیم کے انتخاب پر مجھ سے رائے لی گئی تھی، ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کو کھلان
ے کے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد کو کھلانے کے لئے ہی لے کر گئے تھے، انہوں نے توقعات کے مطابق پرفامنس دکھائی، ورلڈکپ میں ٹیم کی شکست کی وجہ ٹاپ آرڈر بلے بازوں کا رنر نہ بتانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالرزاق اور اظہر محمود کے بعد ہمیں کوئی اچھا آل راؤنڈر نہیں ملا، ٹیم میں ایسا کوئی آل راؤنڈر نہیں جو ساتویں نمبر پر اسکور کر سکے۔ مصباح الحق نے کہا کہ اسپنر یاسر شاہ کو اس لئے نہیں کھلایا گیا کیونکہ وکٹیں سپین کیلئے سازگار نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ میچ جیتے یا ہارے ٹیم پر تنقید کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ناکامی پر افسوس ہے، پوری دیانتداری کے ساتھ کھیلے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ سابق کرکٹر نے اخلاقیات سے گری ہوئی باتیں کی جو قابل افسوس ہیں، ہمیشہ اپنے سینئرز کی عزت کی ہے۔ ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ملک میں ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، سکولوں میں گراؤنڈز نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب محسوس کرونگا تو کھیل میں مزہ نہیں رہا تو اس وقت علیحدہ ہو جاؤں گا، جب تک فٹ ہوں کھیلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو۔وہیں آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اظہر علی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق کسینو اسکینڈل کا شکار معین خان کی جگہ ہارون رشید کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق صرف ٹسٹ میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ اظہر علی نائب کپتان ہوں گے۔ اظہر علی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد ان کے نائب ہوں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف مئی سے شروع ہونے والی سیریز کیلئے محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید خان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے جب کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شعیب ملک، کامران اکمل اور عمر گل کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے بھی طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولر محمد عرفان کی شرکت بھی مشکوک ہے۔شاہد آفریدی کی جانب سے ورلڈ کپ کے بعد کچھ آرام کے فیصلے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ سرفراز احمد کو بطور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے طور پر گراؤنڈ میں اتارا جائے۔