لکھنو : میٹل ٹریڈنگ کے نام پر لوگوں سے ٹھگی کرنے والی ’ٹسکا‘ ہورڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجر راجیش راٹھور کو آج شام وکیلوں نے رجسٹری دفتر کے نزدیک پکڑ لیا۔ اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچے سرمایہ کاروں نے منیجر کو ماراپیٹا۔ اطلاع ملنے پر قیصر باغ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ٹسکا کمپنی کے منیجر کے پکڑے جانے کی اطلاع ملتے ہی وبھوتی کھنڈ پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور منیجر کو اپنی حراست میں لے لیا۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ٹسکا کمپنی پر اب تک کروڑوں روپئے کی ٹھگی کا الزام عائد ہو چکا ہے۔ اس معاملہ میں وبھوتی کھنڈ تھانہ میں کل تک سات معاملہ درج کئے جا چکے ہیں۔
دوشنبہ کی شام ٹسکا کمپنی کا منیجر جا نکی پورم کا راجیش راٹھور اپنے کچھ لوگوں کے ساتھ رجسٹری دفتر پہنچا تھا۔ راجیش راٹھور کے وہاںموجود ہونے کی اطلاع وکیلوںکو ہوئی تو ان لوگوں نے اس کو پکڑ لیا۔ کچھ ہی دیر میں درجنوں کمپنی کے سرمایہ کار وہاں پہنچ گئے۔ سرمایہ کاروں میںمنیجر کےلئے اتنا غصہ تھا کہ ان لوگوں نے اس کی زبردست پٹائی کر دی۔ ہنگامہ کی اطلاع ملنے پر قیصر باغ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور راجیش راٹھور کو بھیڑ سے بچایا۔ قیصر باغ پولیس نے راجیش کے پکڑے جانے کی اطلاع وبھوتی کھنڈ پولیس کودی۔
اطلاع ملنے پر ایس او وبھوتی کھنڈ پنکج سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ملزم منیجر راجیش راٹھور کو حراست میں لے لیا۔ پولیس راجیش کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں پتہ لگارہی ہے۔ واضح رہے کہ وبھوتی کھنڈ کے شالیمار ٹائیٹینیم میں واقع ٹسکا ہورڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میٹل ٹریڈنگ اور دیگر کاروبار کے نام پر درجنوں سرمایہ کاروں کے کروڑوں روپئے ہڑپ کر چکی ہے۔اتوار تک کمپنی کے خلاف وبھوتی کھنڈ تھانہ میں سات معاملے درج کئے جا چکے تھے۔ کمپنی پر ایک کروڑ ۷۱روپئے کی ٹھگی کا الزام ہے۔ سرمایہ کاروں سے ٹھگی کے معاملہ میںملزم منیجر راجیش راٹھور کے علاوہ، اس کی بیوی رما دیوی، ہمانشو پریہار، رتو پریہار، ویر بہادر سنگھ ، ندیم ، مکیش کشیپ اور ۳نامعلوم افراد کے خلاف وبھوتی کھنڈ تھانہ میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج ہے۔