چارافراد کو حراست میں لے کر پولیس کررہی ہے پوچھ گچھ
بہرائچ:بہرائچ میں ہند-نیپال سرحد پر تعینات مسلحہ سرحدی فورس (ایس ایس بی)کے جوانوں اورضلع پولیس کی مشترکہ ٹیم نے نیپا ل اورسرحدی اضلاع کو جاری سیاحوں کی بسوںمیں تلاشی کے دوران ۱۷۴؍ممنوعہ بڑی تلواریں برآمد کی ہیں۔پولیس اس سلسلے میں چارافراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
ایس پی جگل کشور نے آج یہاں بتایاکہ نیپال کے سرحدی تھانہ حلقہ روپیڈیہا میں کل نیپال کی طرف جارہی ٹورسٹ بسوںمیںتلاشی کےد وران تین بسوں کی سیٹ کے نیچے ناجائز طریقے سے چھپاکررکھی گئی کل ۹۳تلواریں برآمد کی گئیں ۔بس میں سوار چارمشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے ان میں منوہر ، عرفان اورراجو نیپال کے بانکے ضلع کے رہنے والے ہیں جب کہ ایک دیگر عمران اترپردیش کے ہردوئی ضلع کابتایاجارہاہے۔ایس پی نے بتایاکہ کل رات ہی جرول روڈ علاقہ میں ایک بس میں رکھی ۸۱؍تلواریں برآمد کی گئی تھیںلیکن ان میں رکھنے والے لوگ پولیس کو چکمہ دے کر فرارہوگئے۔
ایس پی نے بتایاکہ تلواریں لے جائے جانے کی اوربھی اطلاعات مل رہی ہیں۔نیپال ہی نہیں بلکہ نیپال سرحد کے نزدیک واقع گونڈہ اورشراوستی اضلاع کی جانب بھی تلواریں لے جانے کی اطلاع ملی ہے۔اتنی بڑی تعداد میں تلواریں کس مقصدسے پہنچائی جارہی ہیں یہ تشویش کا باعث ہے۔انھوںنے کہا کہ تہواروں کے اس حساس موقع پر اسلحہ ایکٹ کے تحت ممنوعہ بڑی تلواریں لے جانا باعث تشویش ہے۔ یقینی طورپر ان کااستعمال خطرناک ہوسکتاہے۔ بس میں سوار کسی بھی شخص نے تلواروں کا مالکل ہونا تسلیم نہیں کیاہے اس وجہ سے شک اورزیادہ بڑھ گیا ہے۔کشور نے بتایاکہ تہواروں کے مدنظراحتیاط توپہلے ہی برتی جارہی ہے پھر بھی بڑے پیمانے پر تلواروں کی برآمدگی کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلانے کے احکامات دئے گئے ہیں۔ فی الحال حراست میں لئے گئے ملزمین سے ہوئی پوچھ گچھ کی بنیاد پر معاملے کی جانچ کو آگے بڑھایا جارہاہے۔