سکیٹ بورڈنگ سنہ 2020 کے ٹوکو اولمپکش میں شامل ہو سکتی ہے
ٹوکیو میں سنہ 2020 میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پانچ نئے کھیل شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ان کھیلوں میں سکیٹ بورڈنگ، سرفنگ، بیس بال/سافٹ بال، سپورٹس کلائمبنگ اور کراٹے شامل ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس 2020 کے رنگارنگ لوگو
ان کھیلوں کی شمولیت کی حتمی منظوری بین الاقوامی اولمپک کمیٹی آئندہ سال اگست میں دے گی۔
منظوری کی صورت میں ان پانچ نئے کھیلوں کے 18 مقابلے ہوں گے جن میں 474 سے زائد کھلاڑی شرکت کر سکیں گے۔
اولمپکس کے میزبان ممالک کو موقع دیا جا رہا ہے کہ ان عالمی مقابلوں کی اپنے ملک میں مقبولیت اور زیادہ تشہیری آمدن کے لیے وہ ایسے ایک یا زیادہ کھیلوں کو اولمپکس میں شامل کر سکتے ہیں جو وہاں مقامی سطح پر مقبول ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس کے لیے ابتدائی طور آٹھ کھیلوں کے نام سامنے آئے تھی لیکن باؤلنگ، سکواش اور ووشو حتمی تجاویز میں جگہ نہیں بنا سکے۔
ٹوکیو کے سنہ 2020 اولمپکس کی منتظم کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ’ان کھیلوں کا یہ پیکج نوجوانوں طبقے کے لیے روایتی اور جدید دونوں قسم کے کھیلوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ کھیل جاپان میں اور بین الاقوامی سطح پر مقبول ہیں۔ ‘
سافٹ بال اور بیس بال کی عالمی تنظیمیں اب ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے تحت متحد ہیں اور اولمپکس میں ان کھیلوں کی واپسی ایشیا میں سنہ 2008 کے بعد پہلی مرتبہ ہو گی۔ یہ دونوں کھیل جاپان میں بےحد مقبول ہیں۔
کراٹے کا کھیل اس سے پہلے اولمپکس میں کبھی کھیلا نہیں گیا لیکن جوڈو سنہ 1964 میں پہلی مرتبہ اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جب ٹوکیو نے ان کی میزبانی کی تھی۔