لکھنؤ(نامہ نگار)ٹھاکر گنج تھانہ حلقہ کے تحت رنگ روڈ علاقہ میں ایک خاتون کا اس کے سر پر حملہ کر کے قتل کر دیا گیا۔ سی او چوک سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ ٹھاکر گنج کے حبیب پور میں رہنے والے یونس صدیقی کا رنگ روڈ کے کشمیری باغ علاقہ میں ایک پلاٹ ہے اس پلاٹ پر بلڈنگ مٹیریل دکاندار راجہ مورنگ، بالو فروخت کرنے کا کام کرتا ہے بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی صبح لوگوں نے پلاٹ پر ایک خاتون کی لاش دیکھی تو اس کی اطلاع پلاٹ مالک کو دی۔ موقع پر پلاٹ مالک یونس کا بھائی عبداللہ پہنچ گیا اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ خاتون کے قتل کی اطلاع ملتے ہی موقع پر ایس پی مغرب اجے کمار مشرا، سی او چوک، ایس او ٹھاکر گنج پہنچ گئے۔ تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ خاتون کے سرپر گہرے چوٹ کے نشان ہیں۔ پولیس کو خاتون کی لاش کے نزدیک ایک گٹھری بھی ملی ہے جس میں کچھ کپڑے اور سامان بھی رکھا تھا پولیس نے مقامی لوگوں کے ذریعہ خاتون کی شناخت کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ خاتون تین دن سے علاقہ میں گھوم رہی تھی کل رات تقریباً ۸بجے بھی اس نے ایک دکان سے سموسہ لے کر کھایا تھا اس سے شک ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کی عصمت دری کے بعد اس کا قتل کیا گیا ہے۔ پولیس افسران نے تفتیش کیلئے ڈاگ اسکوائیڈ، فنگر پرنٹ اور فارنسک ٹیم کو طلب کیا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
سی او چوک نے بتایا کہ فی الحال اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کا ایک پینل کرے گاجس سے پتہ چل سکے گا کہ آبروریزی ہوئی ہے یا نہیں۔