لکھنؤ۔(نامہ نگار)غذائی تحفظ اورادویات انتظامیہ کی جانب سے چلائی جارہی مہم کے تحت دوشنبہ کو ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ دوئم چھوٹے لال مشراکی قیادت میں غذائی تحفظ افسران کی ٹیم نے ٹھاکر گنج دودھ منڈی میں چھاپامارااس دوران دودھ منڈی سے دونمونے بھرے گئے اورڈیڑھ کوئنٹل ملاوٹی دودھ کو تلف کرادیاگیا ۔نمونوں کو جانچ کیلئے
لیبوریٹری بھیج دیاگیا ۔
چیف غذائی تحفظ افسر چیپی سنگھ نے بتایاکہ دودھ اوردودھ سے بنی اشیاء میں ملاوٹ کی جانچ کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے اسی سلسلے میں دوشنبہ کے روز ٹھاکر گنج دودھ منڈی میں چھاپاماراگیا۔ چھاپہ ماری کیلئے پہنچی ٹیم کو دیکھ کر منڈی میں افراتفری مچ گئی۔ اس دوران کئی دکاندار منڈی احاطے میں دودھ چھوڑ کرفرار ہوگئے۔
مقامی پولیس نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔ غذائی تحفظ افسران نے شامل انل اور رمیش جانچ کیلئے دودھ کے دو نمونے مہر بند کئے جس میں سنڈیلہ کے رہنے والے آزار اور کاکوری کے امرسنگھ کی دکان سے نمونے لئے گئے اس کے علاوہ احاطے میں لاوارث طور پر ملا تقریباً ڈیڑھ کوئنٹل ملاوٹی دودھ کو افسران نے ضائع کرادیا۔
اس کارروائی میں ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ چھوٹے لال مشرا کے ہمراہ غذائی تحفظ افسر انل رمیش راجیش اور ارون کمار موجود تھے۔ ٹیم کی جانب سے جانچ کیلئے بھیجے گئے نمونے کی رپورٹ آنے کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی۔