لکھنؤ(نامہ نگار)مانوتا وادی پارٹی کے ایک رکن کے بھائی کو سکریٹریٹ میں درجہ چہارم کی ملازمت دلانے کے نام پر پارٹی کے ہی ریاستی سکریٹری نے ایک لاکھ ۵۲ہزار روپئے ٹھگ لئے۔ روپئے لینے کے بعد سکریٹری نے نہ تو ملازمت دلائی اور نہ ہی روپئے واپس کئے۔ اس معاملہ میں ماہ جون میں
ملزم کے خلاف حضرت گنج کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی گئی۔ تفتیش کے بعد آج پولیس نے مانوتا وادی پارٹی کے ریاستی سکریٹری کو گرفتارکر لیا۔ سی او حضرت گنج دنیش یادو نے بتایا کہ قیصر باغ کوٹوا ہاؤس میں رہنے والے راج کمار ورما مانوتا وادی پارٹی کے رکن ہیں۔ پارٹی کا دفتر قیصر باغ واقع جم خانہ کلب میں ہے۔ اس پارٹی کے صدر رام ہرش یادو ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ راج کمار ورما کی گذشتہ سال پارٹی دفتر میں ہی تنظیم کے ریاستی سکریٹری راکیش کمار ورما سے ملاقات ہوئی۔
بات چیت میں راکیش کمار نے راج کمار کو اپنے اعتماد میں لیا اور اس کے بھائی آشیش کو سکریٹریٹ میں درجہ چہارم کی ملازمت دلانے کی لالچ دی۔ بھائی کی ملازمت کی لالچ میں آکر راج کمار نے ریاستی سکریٹری راکیش کمار کو کئی قسطوں میں ایک لاکھ ۵۲ہزار روپئے دیئے۔ روپئے لینے کے بعد راکیش کمار نے نہ تو ملازمت دلائی اور نہ ہی روپئے واپس کئے اس معاملہ میں ۶۲جون کو راج کمار نے حضرت گنج کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے منگل کو مانوتا وادی پارٹی کے ریاستی سکریٹری راکیش کمار ورما کو دارالشفاء کے سامنے ٹیمپو اسٹینڈ کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک موبائل فون اور دو سم کارڈ برآمد کئے ۔ دونوں سم کارڈ جعلی نام وپتے سے خریدے گئے تھے۔ ملزم راکیش کمار ورما ضلع رائے بریلی کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ملے جعلی نام وپتے کے سم کارڈ کی بنیاد پر اس کے خلاف جعلسازی کی دفعہ کے تحت ایک اور رپورٹ بھی درج کر لی ہے۔