لکھنؤ: علی گنج علاقہ میں ٹھیکیدار وملیندر سنگھ کے قتل کا راز فاش کرتے ہوئے پولیس نے ٹھیکیدار کے ایک دوست کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم سابق کارپوریٹر کا بھائی ہے اور تیل کا کاروبار کرتا ہے۔ معمولی جھگڑے کے بعد ملزم نے سات دسمبر کی رات ہی ٹھیکیدار کا قتل کر دیاتھا۔
ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ سیکٹر ایچ میں رہنے والے ٹھیکیدار وملیندر ترپاٹھی کی لاش کل صبح اس کے گھر میں پڑی ملی تھی۔ ٹھیکیدار کے جسم پر چوٹ کے گہرے نشان تھے۔ اس معاملہ میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ متوفی کے موبائل نمبر کی جانچ کے دوران پولیس کو اس کے دوست علی گنج کے پانڈے ٹولہ میں رہنے والے پردیپ مشرا کے بارے میں پتہ چلا۔ پردیپ تیل کاکاروبار کرتا ہے اور وملیندر کاکافی پرانا دوست تھا۔ سات دسمبر کو پردیپ کے موبائل فون کی لوکیشن ٹھیکیدار کے گھر کے ارد گرد ملی تھی۔ اس بنیاد پر علی گنج پولیس نے پردیپ مشرا کو آج حراست میں لے لیا۔ پوچھ گچھ میں اس نے پہلے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس کی سختی کے بعداس نے بتایا کہ ۷دسمبر کو اس نے ٹھیکیدار پر قاتلانہ حملہ کیا تھا حملہ کرنے کے بعد وہ وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ سات دسمبر کو پردیپ اپنے دوست روہت کے ساتھ ٹھیکیدار کے گھر پہنچا تھا ٹھیکیدار نے روہت کو گھر کے اندر نہیں بلایا اور ٹھیکیدار وملیندر پردیپ کو لے کر گھر کے اندر بیڈروم میں پہنچا اور ایک موٹرسائیکل کے سلسلہ میں اس کے ساتھ مارپیٹ کرنے لگا۔ وملیندر کی اس حرکت سے ناراض پردیپ نے بھی ٹھیکیدار پر حملہ کر دیا اور اس کو ادھ مرا کر کے وہاں سے چلا گیا زخمی وملیندر نے چوٹ لگنے کی اطلاع فون پر اپنی بہن کو بھی دی لیکن بہن اور کنبہ کے لوگوں نے اس کی بات پر یقین نہیں کیا کیونکہ وہ اس طرح کئی بار جھوٹی خبر ان لوگوں کو دے چکا تھا۔ پوچھ گچھ میں ملزم پردیپ نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ علی گنج پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہیں اس واردات میں اس کے دوست روہت کے کردار کی بھی پولیس جانچ کر رہی ہے۔ ایس ایس پی نے واردات کا راز فاش کرنے والی پولیس ٹیم کو پانچ ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔