ممبئی۔تنقید سے گھری ہندوستان کرکٹ ٹیم روایتی طور پر روانگی سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس کئے بغیر ہی آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20چمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے جمعہ کو بنگلہ دیش روانہ ہو گئی ۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی ٹیم کو ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی سے پہلے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ میں دورے میں شرمناک شکست ہوئی تھی ۔ ٹیم نے 16 مارچ سے چھ اپریل تک کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹوےٹ -20 کے لئے روانہ ہونے سے پہلے میڈیا کے سوالوں سے بچنے کے پیش نظر میڈیا سے مخاطب نہیں ہونا ہی ٹھیک سمجھا ۔ ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچر تاہم روانگی کے وقت ٹیم کے ساتھ نہیں تھے ، ایسی بھی قیاس آرائی چل رہی ہیں کہ بی سی سی آئی کے سربراہ این شری نواسن نے ٹیم کے خراب نتائج کے بارے میں صفائی دینے کے لئے انہیں پیغام بھیجا ہے ۔ پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے جب ہندوستانی ٹیم یہاں میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی آئی سی سی کے کسی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے گئی ہو ۔ گزشتہ سال دھونی اورفلیچر نے انگلینڈ میںچمپئن ٹرافی میں حصہ لینے سے پہلے تنازعات سے بھری پریس کانفرنس کی تھی ۔دھونی اس بات چیت میں آئی پی ایل بدعنوانی معاملے پر خاموش رہے تھے ۔دھونی کی غیر موجودگی میں ایشیا کپ میں ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والے وراٹ کوہلی نے بھی بنگلہ دیش میں ٹورنامنٹ کے لئے روانہ ہونے سے پہلے پریس کانفرنس نہیں کی تھی ۔ سابق چمپئن ہندوستان اپنی مہم کی شروعات 21 مارچ کو دےرےنہ حرےف پاکستان کے خلاف سپر 10 میچ میں میر پور میں کرے گا اور اس کے بعد ٹیم کا سامنا اسی مقام پر 23 مارچ کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا ۔ 15 رکنی مضبوط ٹیم چمپئن شپ کی تیاری دو پریکٹس میچ کھیل کر کرے گی جو 17 مارچ کو سری لنکا اور 19 مارچ کو انگلینڈ کے خلاف ہوں گے ۔
ٹیم اس طرح ہے : دھونی ( کپتان ) ، شکھر دھون ، روہت شرما ، کوہلی ، رینا ، یوراج ، رہانے ، جڈیجہ ، آر اشون ، بھونیشور، محمد سمیع ، اسٹیورٹ بننی ، امت مشرا ، موہت شرما اور ورون آرون ۔