لاہور۔ا سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں کچھ پیچھے رہ جانے کے باوجود پاکستان کی پروفیشنل ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوہے مشتاق کا کہنا تھا کہ بلے بازوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پیس اور باؤنس سے خود کو آشنا کرنے کیلئے ماربل پچوں پر پریکٹس کی۔ ‘ہم جیتنے کی بہترین کوشش کریں گے اور اس حوالے سے میں
میڈیا اور قوم سے درخواست کروں گا کہ وہ ہم پر اعتماد کریں’۔ 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن مشتاق کے مطابق ‘ہم 1992 میں ایک ٹیم کی طرح کھیلے کیونکہ اس وقت قوم پراعتماد تھی کہ ہم جیتیں گے’۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈکوچ وقار یونس کھلاڑیوں میں خود اعتمادی اور یقین بڑھا رہے ہیں۔ میں خود بھی شدت کے ساتھ کپ جیتنے کا خواہاں ہوں اور کھلاڑیوں سے بہت امید رکھتا ہوں۔ مشتاق نے لیگ سپنر شاہد آفریدی اور یاسر شاہ پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا میرے ذاتی تجربہ میں آسٹریلوی پچیں کافی اچھال بھری ہیں اور اگر ایک لیگ اسپنر کو باؤنس مل جائے تو وہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ میں نے آسٹریلیا کا پانچ مرتبہ دورہ کیا اور وہاں میری کامیابی کا تناسب اچھا رہا، لہذا آفریدی اور یاسر دونوں ہی فرق ثابت ہوں گے۔
مشتاق نے صحافیوں کو یاد دلایا کہ 1992 ورلڈ کپ میں پاکستان انہیں اور دوسرے لیگ اسپنر اقبال سکندر کے ساتھ میدان میں اترتا تھا، بعض میچوں میں دونوں نے ہی حصہ لیا۔ مشتاق نے کہا کہ آف اسپنر سعید اجمل اور محمد حفیظ پر پابندی کے بعد پاکستان کو لیگ اسپنرز پر انحصار کرنا ہو گا۔ تاہم جب اسپن کوچ کو یاد دلایا گیا کہ بائیو مکینک ٹسٹ پاس کرنے کی صورت میں حفیظ ورلڈ کپ میں باؤلنگ کر سکیں گے، تو مشتاق نے تسلیم کیا کہ تجزیہ کار اور اکیڈمی کوچ حفیظ کے باؤلنگ ایکشن میں غلطیاں درست کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں اور حفیظ کے ورلڈ کپ میں باؤلنگ کا امکان برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقار یونس فٹنس کی بنیاد پر 1992 میگا ایونٹ سے باہر رہے تھے تاہم ٹیم پھر بھی کامیاب ہوئی۔ اب سعید اجمل کی غیر موجودگی کے باوجود ہم ورلڈ کپ جیتنے کی امید کر رہے ہیں۔ کوئی بھی ٹیم اس طرح کے بڑے ٹورنامنٹس میں انفرادی کارکرد گیوں پر انحصار نہیں کرتی۔
ٹیم کی مجموعی پرفارمنس اہم ہوتی ہے۔ مشتاق نے بتایا کہ وہ گراؤنڈ میں پچوں اور موسم کا جائزہ لینے کے بعد ہی میچوں کی منصوبہ بندی کریں گے۔ پاکستان ورلڈ کپ میں عمدہ شروعات کیلئے اپنے پہلے میچ میں انڈیا کو ہرانا چاہتا ہے۔ مشتاق احمد نے نئے کھلاڑی حارث سہیل سے باؤلنگ اور بیٹنگ میں بہت امیدیں لگا رکھی ہیں۔ حارث نے یو اے ای میں نیوزی لینڈ کے خلاف کافی متاثر کیا کیونکہ انہوں نے ریویلر باؤلرز کے برعکس اپنے اوورز میں کم رنز دیے۔